الحمد للہ
ایف آئی اے سائبر کرائم کی جانب سے کی گئی ایف آئی آر میں ضمانت کنفرم ہوگئی ہے
اسلام آباد میں ہونے والی قومی سطح کی APC آل پارٹیز کانفرنس میں
اپنے خطاب کے دوران میں نے ملک کے مظلوم عوام کا درد پوری وضاحت کے ساتھ سامنے رکھا۔ خاص طور پر وزیرستان میں ڈرون حملوں سے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کا ذکر کیا—وہ بچے جن کا قصور صرف اتنا تھا کہ وہ ایک غیر محفوظ خطے میں پیدا ہوئے۔ میں نے ان معصوموں کے لئے ہونے والے دھرنوں اور ان دھرنوں کے مطالبات تک، سب کچھ کانفرنس میں پیش کیا تاکہ قوم جان سکے کہ ان کی آواز آج بھی زندہ ہے۔
اسی طرح KPK کے مختلف علاقوں میں جاری غیر اعلانیہ آپریشنز، بلاجواز گرفتاریوں اور مقامی آبادی کی جبری نقل مکانی پر بھی میں نے بھرپور آواز اٹھائی۔ میں نے واضح طور پر کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے عوام میں نہ صرف بےچینی بڑھتی ہے بلکہ پورا علاقہ عدم تحفظ کا شکار ہو جاتا ہے۔ میں نے مطالبہ کیا کہ یہ سلسلہ فوری طور پر روکا جائے اور مقامی لوگوں کو ان کا بنیادی حقِ امن واپس کیا جائے۔
لیکن…
میری اسی حق گوئی اور مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنے پر ملکی سطح پر میرے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ پولیس میرے گھر تک پہنچ گئی، اور مجھے یوں پیش کیا جانے لگا جیسے میں نے کسی جرم کا ارتکاب کیا ہو۔، میرے گھر پر چھاپے مارے گئے، میرا پورا علاقہ سیل کر دیا گیا۔ مگر الحمدللہ میں اللہ کے فضل سے ان تمام حربوں سے محفوظ رہا۔ دس سے پندرہ دن کی جبری روپوشی کے بعد میں نے عمرے کے مبارک سفر کا ارادہ کیا اور دو ماہ تک اللہ کے گھر اور روضۂ رسول ﷺ کی حاضری نصیب رہی۔ ان مقدس مقامات کی روحانیت نے میرے جذبے کو اور مضبوط کر دیا۔
عمرے کے بعد جب میں کراچی پہنچا تو ایئرپورٹ پر سائبر کرائم ونگ نے مجھے روک لیا اور کہا کہ میرا شناختی کارڈ "ہِٹ" پر ہے۔ ایک گھنٹہ مجھے بٹھا کر رکھا گیا۔ میں نے واضح کہا کہ اگر ایف آئی آر یا کوئی قانونی دستاویز ہے تو سامنے رکھیں، ورنہ اس طرح کی بلاوجہ حراست غیر قانونی ہے۔ آخرکار وہ کچھ پیش نہ کرسکے اور مجھے جانے دیا گیا۔
کراچی میں ایک ہفتہ قیام کے بعد، اپنی نقل و حرکت خفیہ رکھتے ہوئے میں اسلام آباد پہنچا۔ وہاں اپنے وکلاء اور مخلص احباب سے مشورہ کیا اور عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔ عدالت کے حکم پر مجھے ایف آئی آر کی کاپی دی گئی اور مجھے ایک ہفتے کے لیے ضمانتِ قبل از گرفتاری دی گئی۔ پہلی پیشی پر ایک ہفتے کی توسیع ملی، دوسری پیشی پر اگلی تاریخ دی گئی، اور پھر—
الحمدللہ آج، اللہ کے فضل و کرم سے میری مستقل ضمانت منظور ہو گئی۔
یہ کامیابی صرف میری نہیں،
یہ آپ سب احباب کی محبت، دعاؤں اور اخلاص کا نتیجہ ہے۔
میں یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے کہ اس سخت جبری دور میں، جبر کی ہر دیوار کے سامنے، اللہ نے مجھے سرخرو فرمایا۔ یہ اس لئے کہ میں نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا، باطل کے سامنے جھکنے سے انکار کیا، نہ بکا نہ دبلا—اور مجھے امید ہے کہ اللہ مجھے ان بندوں میں شامل رکھے گا جنہیں حق کے راستے سے کوئی موڑ نہ سکا۔
امام اعظم ابو حنیفہؒ ہمارے سامنے روشن مثال ہیں—جنہوں نے قید و بند کی صعوبتیں تو برداشت کیں مگر راستہ، مقام اور موقف نہیں چھوڑا۔ میں انہی راستوں کے مسافروں میں شامل رہنے کی دعا کرتا ہوں۔
آخر میں آپ سب کی محبتوں، دعاؤں اور اخلاص کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔
مجھے کسی پیسے یا کسی دنیاوی مدد کی ضرورت نہیں،
صرف آپ کی دعا، آپ کا ساتھ، اور یہ یقین کہ آپ میری آواز بنے رہیں گے۔
اللہ تعالیٰ آپ سب کو خوش رکھے، سلامت رکھے، اور ہمیشہ اپنی رحمتوں کے سائے میں رکھے میری استقامت کے لیے دعا ضرور کیجئے گا
جزاکم اللہ خیراً و أحسن الجزاء۔






























































































